بشکیک: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف کے درمیان بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ازبک صدر اور عوام کو آزادی کی سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ازبک صدر کے حالیہ دورۂ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔
ملاقات میں وزیراعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق فیصلوں پر بروقت عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی روابط کے فروغ اور عوامی سطح پر تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لیا۔
دونوں رہنماؤں نے 2029 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے مشترکہ ہدف کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کی ترقی کے لیے علاقائی رابطے مشترکہ اسٹریٹجک ترجیح ہیں۔ انہوں نے ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ازبکستان کو پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif meets the President of Uzbekistan H.E. Mr. Shavkat Mirziyoyev on Bishkek, on the sidelines of the 26th SCO Council of Heads of State Conference, on 31 August 2026. pic.twitter.com/v8Dp2xrSyV
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) August 31, 2026
شہباز شریف نے مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی پر جلد پیش رفت اور کثیرالجہتی ٹرانسپورٹ راہداریوں کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستانی بندرگاہوں اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے ذریعے ازبکستان کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں صنعت، زراعت، دفاع اور سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت، عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
وزیراعظم شہباز شریف نے بشکیک میں منعقدہ چھٹی ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف ممالک کے عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بشکیک میں منعقدہ چھٹی ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جہاں وزیرِ اعظم کی تقریب میں شریک مختلف ممالک کے صدور و وزراء اعظم و عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں.
وزیرِ اعظم کی روسی صدر ولادیمر پوتن، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو… pic.twitter.com/70FboytOn6
— Prime Minister's Office (@PakPMO) August 31, 2026
وزیراعظم شہباز شریف نے روسی صدر اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات کی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کی آذربائیجان، بیلاروس اور قازقستان کے صدور سے ملاقاتیں ہوئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تاجکستان اور لاؤس کے صدور سے بھی غیر رسمی ملاقاتیں کیں، جبکہ ٹوگو اور منگولیا کے صدور سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔
ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی امور سمیت دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
تقریب میں آمد پر کرغزستان کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔ افتتاحی تقریب میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے بشکیک پہنچنے والے دیگر ممالک کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔
ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں کا دستہ بھی شریک ہے۔ پاکستانی دستے کی اسٹیڈیم آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا، جبکہ اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی پاکستانی کھلاڑیوں کا بھرپور استقبال کیا۔پاکستانی کھلاڑی مختلف روایتی کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif waves to the Pakistani contingent participating in the 6th World Nomad Games in Bishkek, Kyrgyzstan, on 31 August 2026. pic.twitter.com/FZr2Y5T72H
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) August 31, 2026
ورلڈ نومیڈ گیمز وسطی ایشیا کے روایتی کھیلوں پر مشتمل ایک بین الاقوامی مقابلہ ہے، جس میں کشتی، گھڑ دوڑ، تیر اندازی، جانوروں سے متعلق روایتی مقابلوں سمیت مختلف ذہنی و فکری کھیل شامل ہیں۔
چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز 31 اگست سے 6 ستمبر تک کرغزستان میں جاری رہیں گے۔ ان کھیلوں کا مقصد مختلف ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی روابط، باہمی تعاون اور وسطی ایشیا کی روایتی ثقافت کو فروغ دینا ہے۔


