راولپنڈی: ترکیہ کے یوم فتح کی 104ویں سالگرہ کے موقع پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونے والی تقریب میں ترک سفیر عرفان نذیر وغلو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ پاک فوج کے افسران، ترک سفارتخانے کے حکام اور دیگر معزز مہمان بھی شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور قریبی دوطرفہ روابط کو اجاگر کیا گیا۔ پاک ترک تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور غیرمتزلزل حمایت پر استوار ہیں۔
تقریب کے دوران ترک مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ تقریب میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
ترکیہ کے 104ویں یوم فتح کے موقع پر آئی ایس پی آر نے پاک ترک دوستی کے جذبے سے بھرپور خصوصی نغمہ ”دو دل، ایک جان“ بھی جاری کیا۔ نغمے میں پاکستانی فنکاروں نے اردو اور ترک زبان میں اپنی آواز کا جادو جگاتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات، مشترکہ ثقافت اور باہمی محبت کی خوبصورت عکاسی کی ہے۔
”دو دل، ایک جان“ کی موسیقی علی مصطفیٰ نے تیار کی جبکہ اس کی کمپوزیشن کامران اللہ خان اور سامعہ گوہر نے ترتیب دی ہے، نغمے کو عثمان رئیس اور ڈاکٹر مبشرہ حفیظ نے اپنی آواز سے سجایا ہے۔
اس منفرد نغمے کی خاص بات یہ ہے کہ اردو اور ترک زبان کے امتزاج کے ساتھ اس پیشکش میں شامل تمام گائیک اور فنکار پاکستانی ہیں، نغمے میں دونوں ممالک کی مشترکہ ثقافت اور اقدار کو بھی نمایاں انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔
نغمے میں رباب، ترکیہ کے روایتی ساز باقلاما اور دربوکا کی دلکش دھنوں کو شامل کیا گیا ہے جو پاک ترک دوستی کی خوبصورت موسیقائی تصویر پیش کرتی ہیں۔
اردو اور ترک زبان کے حسین امتزاج پر مبنی یہ نغمہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان لازوال دوستی، بھائی چارے، باہمی محبت اور مشترکہ اقدار کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتا ہے۔


