بشکیک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پرتپاک اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ روابط مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے رواں سال جون میں ایرانی صدر کے دورۂ پاکستان کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، ملاقات میں علاقائی روابط کے فروغ اور عوامی سطح پر دونوں ممالک کے درمیان رابطے مزید بڑھانے کی کوششوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ دورۂ تہران اور ایرانی قیادت کے ساتھ ہونے والے تعمیری روابط کا حوالہ دیتے ہوئے مثبت نتائج کی امید ظاہر کی۔
شہباز شریف نے پائیدار امن اور استحکام کے لیے تحمل، ضبط اور مسلسل سفارتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا، وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoU) کے تحت طے پانے والی مفاہمت کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے اسے خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے قابلِ عمل راستہ قرار دیا۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات صدیوں پر محیط مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔
صدر پزشکیان نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید وسعت دینے کے لیے ایران کی بھرپور خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے عصرِ حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے امت مسلمہ میں اتحاد اور یکجہتی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif meets the President of Iran H.E. Dr. Masoud Pezeshkian in Bishkek, on the sidelines of the 26th SCO Council of Heads of State Conference, on 31 August 2026. pic.twitter.com/jmks7CTc2D
— Prime Minister's Office (@PakPMO) August 31, 2026
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو ان کی سہولت کے مطابق جلد از جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی جبکہ صدر پزشکیان نے وزیراعظم کو دسمبر 2026 میں تہران میں ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ شریک تھے جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔



