اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی سرپرستی میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی شعبے میں تعاون اور تجارت کے فروغ کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
پاک سعودی مذاکرات کے بعد جاری کردہ مشترکہ اعلامیے کے مطابق سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے 26 سے 28 اگست تک اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے ساتھ کامیاب مذاکرات ہوئے۔
دورے کے دوران سعودی وفد نے وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔ فریقین نے 1947 سے جاری پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے اپنی وسیع تر اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان نے 2025 کے دوران سعودی عرب کو ایک لاکھ 69 ہزار ٹن چاول فراہم کیے، جس پر سعودی وفد نے دونوں ممالک کے درمیان چاول کی تجارت مزید بڑھانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
سعودی وفد نے پاکستان سے سرخ گوشت کی درآمد کو بتدریج دوگنا کرنے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے نجی شعبے کے درمیان کاروباری روابط، سرمایہ کاری اور میچ میکنگ کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کی حوصلہ افزائی پر بھی اتفاق کیا۔
دونوں ممالک نے پھلوں اور کنسنٹریٹس کی تجارت بڑھانے اور سعودی مارکیٹ میں پاکستانی پھلوں کا برآمدی حصہ بڑھانے کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ لائیو سٹاک، ایگری فوڈ پراسیسنگ اور چاول کی ویلیو چین میں سرمایہ کاری کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا جب کہ دونوں ممالک نے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون کے لیے رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
سعودی عرب نے پاکستان کو انٹرنیشنل ڈیٹس کونسل میں شمولیت کی ترغیب دی، جبکہ پاکستان نے 43ویں سعودی ایگریکلچر نمائش میں شرکت کی دعوت کا خیرمقدم کیا۔ سعودی ایگریکلچر نمائش 19 سے 22 اکتوبر 2026 تک ریاض میں منعقد ہو گی۔


