خیبر پختونخوا حکومت نے بی آر ٹی پشاور کیلئے 2 ارب 13 کروڑ 90 لاکھ روپے کی مزید 50 بسیں خرید لیں۔
صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم نے بتایا کہ بی آر ٹی کی نئی 25 بسیں پشاور پہنچ گئی ہیں ، مزید 27 بسیں اگلے مرحلے میں پشاور پہنچیں گی جس میں سے 2 بسیں کمپنی کی جانب سے تحفے کے طور پر دی گئی ہیں۔
مزمل اسلم نے کہا کہ بی آر ٹی بسوں کی تعداد 244 سے بڑھ کر 269 ہو گئی ہے جبکہ تمام نئی بسیں پہنچنے کے بعد بی آر ٹی بسوں کی مجموعی تعداد 296 ہو جائے گی۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پشاوربی آر ٹی کا روٹ 27 کلومیٹر اور بسوں کی تعداد 296 ہے، جبکہ لاہور میٹرو کا روٹ 28 کلومیٹر اور بسوں کی تعداد صرف 64 ہے، ملتان میٹرو18.7 کلومیٹرروٹ پر صرف 43 بسوں سے چل رہی ہے، راولپنڈی اسلام آباد میٹرو 83 کلومیٹرروٹ پر 99 بسوں سے چل رہی ہے۔
اورنج ٹرین، اسپیڈو اور میٹرو بسوں سے ٹوکن و کارڈ سسٹم ختم، نیا طریقہ ادائیگی متعارف
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی آبادی پشاور سے کئی گنا زیادہ ہے لیکن گرین لائن پر صرف 80 بسیں چلتی ہیں، پنجاب کی 13 کروڑ آبادی کیلئے میٹرو بسوں کی تعداد صرف 107 ہے، کراچی ، پنجاب اور اسلام آباد میں میٹرو بسوں کی مجموعی تعداد 286 بنتی ہے۔
ٹرانس پشاور کے مطابق بی آر ٹی کی موجودہ 244 بسوں میں سے 5 بسیں خواتین کیلئے مختص کی جائیں گی، ان پنک بسوں کے روٹس سے متعلق تفصیلات بھی جلد مکمل کر لی جائیں گی۔
ٹرانس پشاور کے مطابق بی آر ٹی بسوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے صوبائی حکومت کو 100 بسیں خریدنے کی سفارش کی گئی تھی، جس میں 50 ڈیزل ہائبرڈ اور 50 الیکٹرک بسیں شامل ہیں۔
صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد پہلے مرحلے میں 50 ڈیزل ہائبرڈ بسیں خریدی جانی تھی جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 50 الیکٹرک بسیں خریدی جائیں گی۔ بسوں کی خریداری پر مجموعی طور پر 3 ارب 20 کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔
