یروشلم: اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے ان کے دو بیٹوں میں سے ایک کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے ان کے ایک بیٹے کو نشانہ بنایا اور اسے قتل کرنے کی کوشش کی۔ تاہم انہوں نے مبینہ قاتلانہ کوشش کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
نیتن یاہو نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ ان کے دونوں بیٹوں یائر اور ایونر میں سے کس کو مبینہ طور پر نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے خاندان کے لیے سیکیورٹی انتظامات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیکیورٹی کوئی عیش و عشرت نہیں، بلکہ خطرات کے پیش نظر ضروری ہے۔ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران بھی لوگوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا کینیڈا کی مصنوعات پر ٹیرف بڑھا کر 50 فیصد کرنے کا اعلان
رپورٹس کے مطابق جولائی میں اسرائیلی حکام نے نیتن یاہو کی اہلیہ سارہ اور ان کے دونوں بیٹوں کے لیے اضافی ذاتی سیکیورٹی کی منظوری دی تھی۔ تاہم مبینہ قاتلانہ کوشش کب اور کس طریقے سے کی گئی، اس بارے میں تاحال کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔
