کوئٹہ: ضلع پشین کے علاقے سرانان سلیمان زئی ڈبل روڈ پر سڑک کی تعمیر میں مصروف مزدوروں اور تعمیراتی مشینری پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 4 مزدور جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے سرانان سلیمان زئی میں ڈبل روڈ کی تعمیر میں مصروف مزدوروں اور تعمیراتی مشینری کو نشانہ بنایا۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سرانان بازار میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محنت کش مزدوروں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی سفاک ذہنیت کا ثبوت ہے۔ مزدور ملک اور بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کا خون بہانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہیں گی۔
میر سرفراز بگٹی نے شہداء کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ریاست اور قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں۔
دوسری جانب وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے بھی مزدوروں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کام میں مصروف نہتے اور بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور انسانیت دشمن فعل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی کمپنیوں کی تنظیم نو کی منظوری، حکومت کا نئی کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان کے امن، ترقی اور عوام کے حوصلوں کو کمزور نہیں کرسکتے۔ معصوم مزدوروں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
