آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کرنے کے بعد بنگلہ دیش ٹیسٹ رینکنگ میں تین درجے ترقی کرتے ہوئے تاریخ کی بہترین چھٹی پوزیشن پر پہنچ گیا، جبکہ سری لنکا ساتویں اور پاکستان آٹھویں نمبر پر چلا گیا۔
موجودہ آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں آسٹریلیا پہلے، جنوبی افریقا دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ اس کے علاوہ بھارت چوتھے اور انگلینڈ پانچویں پوزیشن پر ہے۔
بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کا آغاز شاندار انداز میں کیا۔ پہلے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم نے میزبان آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر آسٹریلوی سرزمین پر اپنی پہلی ٹیسٹ فتح حاصل کی، جو بنگلہ دیش کرکٹ کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔
آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ میں بھرپور کم بیک کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 51 رنز سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے باوجود سیریز 1-1 سے برابر رہی ، اس سیریز میں بنگلہ دیش کو رینکنگ میں قیمتی پوائنٹس مل گئے۔
دوسری جانب پاکستان کے لیے ٹیسٹ رینکنگ میں تنزلی کا سلسلہ جاری ہے۔ قومی ٹیم کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان انگلینڈ کے ہاتھوں بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں پاکستان ایک درجہ مزید نیچے چلا گیا۔
بنگلادیش کی چھٹی پوزیشن اس کی ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک کی بہترین رینکنگ ہے، جبکہ پاکستان کا آٹھویں نمبر پر آنا قومی ٹیم کے لیے تشویش کا باعث بن گیا ہے۔ رینکنگ میں بہتری کے لیے پاکستان کو آئندہ ٹیسٹ میچوں میں نہ صرف فتوحات حاصل کرنا ہوں گی بلکہ مضبوط حریفوں کے خلاف مسلسل کارکردگی دکھانا بھی ضروری ہو گی۔



