محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
پاکستان محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ آج رات اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، کشمیر، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے تازہ فلڈ بلیٹن کے مطابق آج رات اور کل اسلام آباد، کشمیر، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، خوشاب، نارووال، سیالکوٹ، سرگودھا اور بھکر میں بارش اور تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کا امکان ہے۔ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بنوں، ڈی آئی خان، ہنگو، کرک، خیبر، کوہاٹ، کرم، لکی مروت، نوشہرہ، اورکزئی، پشاور، وزیرستان اور ٹانک میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ ایبٹ آباد، باجوڑ، بٹگرام، بونیر، چارسدہ، کوہستان، دیر، ملاکنڈ، مانسہرہ، مردان، مہمند، شانگلہ، صوابی، سوات اور تورغر میں بھی کہیں کہیں بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
شمالی بلوچستان کےلیے موسم کی صورتحال-#PMD #PakistanWeather #WeatherUpdate #Balochistan #RainAlert #Thunderstorm #HeavyRain #WeatherAlert #Rainfall #StayAlert pic.twitter.com/157APPivd9
— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) August 23, 2026
لاہور، فیصل آباد، قصور، لیہ، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈی جی خان سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
بلوچستان کے بارکھان، ڈکی، ہرنائی، کچھی، قلات، خضدار، کوہلو، لورالائی، موسیٰ خیل، شیرانی، سبی اور ژوب میں بھی بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان میں داریل، دیامر، غذر، گلگت، گوپس، ہنزہ، نگر اور تانگیر میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ نمایاں رہے گا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24 اگست کے بعد بارشوں کے موجودہ سلسلے میں کمی آنے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو موسلادھار بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ دریاؤں، ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والے افراد کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

