انگلینڈ سے پہلے ٹیسٹ میچ میں بری طرح ہارنے کے بعد قومی ٹیم مینجمنٹ نے سر جوڑ لیے،سیریز کے دوسرے لارڈز ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق کپتان قومی ٹیسٹ ٹیم کی لارڈز ٹیسٹ میچ میں واپسی کی امید ہے،کپتان بابر اعظم کے ہاتھ کی انگلی پر لگنے والی چوٹ اب بہتر ہورہی ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں شامل اوپنر اذان اویس کو ڈراپ کیا جاسکتا ہے۔
سابق کپتان شان مسعود یا عبداللہ شفیق امام الحق کے ساتھ اوپن کرسکتے ہیں،لندن میں پچ ڈرائی ہونے کی صورت میں پاکستان دو سپنرز کے ساتھ میدان میں اتر سکتا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آف سپنر ساجد خان کی ٹیم میں واپسی ہوسکتی ہے،ساجد خان کو موقع ملا تو مڈل آرڑر سے ایک بلے باز کو کم کرنا پڑیگا،اس صورت میں مڈل آرڈر سے سعود شکیل کو ڈراپ کیا جاسکتا ہے۔
فاسٹ بولر خرم شہزاد کی جگہ عبید شاہ کو موقع دیئے جانے کا امکان ہے ، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 26 اگست سے لارڈز میں شروع ہورہا ہے۔
یاد رہے انگلینڈ کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت کے بعد قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم شدید تنقید کی زد میں ہے ۔برطانوی میڈیا نے انگلینڈ کے دورے پر موجود پاکستان ٹیسٹ ٹیم کو 50 برسوں کی بد ترین ٹیم قرار دیا ہے ۔
دی ٹیلی گراف کے مطابق ہیڈنگلے کی خشک پچ پر بھی پاکستانی بولرز انگلش بلے بازوں کو پریشان نہ کرسکے۔ ماضی کے مقابلے میں موجودہ پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ کا معیار نمایاں طور پر کمزور ہے، فاسٹ بولنگ میں رفتار اور معیار دونوں میں کمی ہے اور فیلڈنگ حسبِ معمول ناقص ہے۔



