حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں کمی اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کر دیا۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 93 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 395 روپے 37 پیسے ہو گئی۔
دوسری جانب ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 61 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا۔ جس کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 396 روپے 85 پیسے ہو گئی۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 13 اکتوبر کے لیے ہے۔
گزشتہ ہفتے کے آخری روز جمعہ کو پیٹرول کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر کمی اور ڈیزل کی قیمت میں 52 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی اور قیمت 90 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ کمی کی وجہ روس اور یوکرین کے درمیان توانائی تنصیبات پر حملے روکنے کے معاہدے کو بتایا جا رہا ہے۔
کاروباری ہفتے کے آغاز پر برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت ایک ڈالر 54 سینٹ، یعنی 1.47 فیصد کمی کے بعد 103 ڈالر 18 سینٹ فی بیرل ہو گئی۔ اور امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی ایک ڈالر 54 سینٹ، یعنی 1.68 فیصد کمی کے بعد 90 ڈالر 31 سینٹ فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق روسی تیل کی سپلائی میں اضافے سے عالمی منڈی میں قیمتوں پر دباؤ کم ہوسکتا ہے، تاہم آئندہ قیمتوں کا انحصار توانائی تنصیبات پر حملوں میں کمی اور عالمی رسد کی صورت حال پر ہو گا۔


