پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا کو 169رنز کا ٹارگٹ دے دیا۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے اننگز کا صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے کیا، فخر زمان 12 رنز بنا کر ملنگا کی گیند پر ادارہ کو کیچ تھما کر واپس لوٹ گئے۔
معاذ صداقت اس میچ میں بغیر رنز بنائے ملنگا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، حسن نواز 16 رنز بنا سکے۔ خواجہ نافع 3 رنز بنا کر شناکا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، محمد عمران بھی شناکا کا شکار بنے وہ 6 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی چھٹی وکٹ 102 کے مجموعی اسکور پر گری، عبدالصمد 15 رنز بنا کر شناکا کی گیند پر ادارہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کی انہوں نے 47 گیندوں پر تین چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے۔ رضا اللہ بغیر کوئی رنز بنائے تشارا کا شکار بنے۔
Sahibzada Farhan and Arafat Minhas stitch a Pakistan record 66-run seventh-wicket stand to take the hosts to 168-8 🏏
Our bowling effort coming up shortly 🎯
#PAKvSL | #BackTheBoysInGreen | #CricketKaJashan https://t.co/RAr4c1NxWT
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 13, 2026
عرفات منہاس 34 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، پاکستان نے مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیتنے کے لیے 169 رنز کا ٹارگٹ دیا۔
سری لنکا کی جانب سے نووان تشارا، ایشان ملنگا نے دو دو، داسن شناکا نے تین جبکہ ویاسکانتھ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ 9 اکتوبر کو کھیلے گئے سیریز کے افتتاحی میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ لہیرو اودارا نے 55 گیندوں پر 91 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 36 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عمران نے 21 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستان نے صاحبزادہ فرحان کی 89 رنز کی اننگز کی بدولت ہدف 18.5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ فرحان نے 53 گیندوں پر 10 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ معاذ صداقت نے بھی 29 گیندوں پر 50 رنز بنا کر کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
دوسرے میچ میں 11 اکتوبر کو پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے۔ یہ پاکستان کا اپنی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے بڑا مجموعہ تھا۔
معاذ صداقت اور صاحبزادہ فرحان کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 88 رنز کی شراکت قائم ہوئی، جس نے پاکستان کو بڑے اسکور تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ معاذ صرف 4 رنز کی کمی سے اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سنچری مکمل نہ کرسکے۔
215 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ پاکستانی بولرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی اور ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر صرف 133 رنز بنا سکی۔ پاکستان کو سیریز میں دو صفر کی واضح برتری حاصل ہے۔
