فیلڈ مارشل عاصم منیرسے جمہوریہ کانگو کے چیف آف ڈیفنس کی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و سکیورٹی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
جمہوریہ کانگو کے چیف آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل بانزا مویلامبو جولز کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو وسیع اور مزید مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط بھی کیے گئے۔

کانگو کے چیف آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل بانزا مویلامبو جولز نے اس سے قبل چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کانگو کے اعلیٰ فوجی افسر نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل استعداد اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز و پولیس کے کامیاب آپریشنز، 49 دہشت گرد ہلاک
انہوں نے دفاعی شعبے میں مقامی سطح پر پیداوار اور خود انحصاری کے ذریعے پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے حاصل کی جانے والی نمایاں پیش رفت کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے درمیان دفاعی و سکیورٹی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔
