خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز و پولیس کے کامیاب آپریشنز میں 49 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں گزشتہ چند روز کے دوران متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، جن کے دوران بھارتی پراکسیز سے منسلک 49 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیوں کا مقصد دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر کارروائی اور ملک میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنانا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں کیں۔ بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر کے علاقوں میں کی جانے والی ان کارروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج کے 12 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔

کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈی ڈیٹونیٹنگ ریموٹس، اسلحہ، گولہ بارود اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔ سیکیورٹی فورسز نے برآمد کیے گئے دھماکا خیز مواد، اسلحے اور دیگر سامان کو بعد ازاں تباہ کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں بھی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 10 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 37 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ترجمان کے مطابق بلوچستان میں ہونے والی کارروائیوں میں مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور کے علاقوں میں دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، دھماکا خیز ڈرم اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات بھی برآمد کیے گئے۔
خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ہونے والی کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گرد نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچا ہے جبکہ دہشت گرد عناصر کی جانب سے ملک میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام بنادی گئی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائیوں کے بعد متعلقہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں تاکہ علاقے میں موجود دیگر بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کا سراغ لگا کر ان کا خاتمہ کیا جاسکے، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
🚨🚨🚨#ISPR
49 Terrorists Eliminated ❗️In a determined effort to eliminate terrorist threats and dismantle the khwarij and terrorist networks, over the last few days, Pakistan’s Security Forces conducted a series of high tempo joint intelligence driven operations along with… pic.twitter.com/wHmiwvZvMx
— Pakistan Armed Forces News 🇵🇰 (@PakistanFauj) August 21, 2026
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور پولیس نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 49 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور پولیس کی یہ کامیاب کارروائیاں ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور دہشتگردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر ہیں۔
وزیراعظم نے دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائی پر سکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، قوم اپنے بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے فتنہ الہندوستان کے 49 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔
بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
محسن نقوی نے کہا کہ وہ وطن کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جبکہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے ہیں، جو ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا واضح ثبوت ہے۔
