کراچی: شہر قائد میں جاں بحق ہونے والے نوجوان تاجر میر رضا علی کے والدین نے انصاف کے حصول کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ سندھ اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے کیس کی تفتیش کی براہ راست نگرانی کا مطالبہ کر دیا۔
مقتول میر رضا کے والدین نے اپنے قانونی مشیر جبران ناصر کے ذریعے اعلیٰ حکام کو درخواست دی، جس میں موجودہ تفتیشی ٹیم پر شدید عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔
درخواست کے مطابق لواحقین کا مؤقف ہے کہ نئی تفتیشی ٹیم وقوعے سے متعلق نئے اور حقیقی شواہد تلاش کرنے کے بجائے مبینہ طور پر پرانی تفتیش کے گرد گھوم رہی ہے اور دانستہ قتل کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
والدین نے تفتیشی عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں، شواہد سے نامناسب برتاؤ اور تفتیش میں رہ جانے والی خامیوں پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔
درخواست میں وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار، آئی جی سندھ، موجودہ تفتیشی ٹیم کے ذمہ داران، ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار سمیت دیگر پولیس افسران کے خلاف مبینہ غفلت اور تفتیشی خامیوں پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستیں 8 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر
مقتول کے والدین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کیس میں فوری اور ذاتی مداخلت کرتے ہوئے شفاف تحقیقات یقینی بنائی جائیں تاکہ میر رضا کی موت کے اصل حقائق سامنے آسکیں اور انہیں انصاف مل سکے۔
