شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچنے کے بعد وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور شام کے گہرے اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا ، دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے قریبی تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا اس کے علاوہ علاقائی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔
قبل ازیں وزارت خارجہ آمد پر اسعد حسن الشیبانی کا وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری نے استقبال کیا، دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران پاکستان اور شام کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں، باہمی تعاون کے فروغ اورعلاقائی و عالمی امور پر تفصیلی بات چیت ہو گی، ان کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔
دوسری جانب ملائیشیا کے وزیرداخلہ سیف الدین ناسیتیون بھی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی دعوت پر پاکستان پہنچ گئے، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے مہمان وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔
ناروے کے وزیر خارجہ کی اسحاق ڈار سے ملاقات ، دو طرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق
ملائیشین وزیر داخلہ دورے کے دوران پاکستانی قیادت سےاہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں پاکستان اور ملائیشیا کے دوطرفہ تعلقات، داخلی سلامتی اور باہمی تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
