راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ان کی ہمشیرہ نورین نیازی کی ملاقات کرا دی گئی۔
عمران خان سے نورین نیازی کی ملاقات اڈیالہ جیل میں سپریم کورٹ کے حکم پر کروائی گئی۔ ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کی صحت اور قانونی امور پر گفتگو کی گئی۔
جیل ذرائع کے مطابق ملاقات کانفرنس روم میں ہوئی، جہاں نورین نیازی اور عمران خان نے صحت سمیت دیگر امور پر گفتگو کی۔ نورین نیازی نے بانی پی ٹی آئی کو سپریم کورٹ کے حکم سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے بعد نورین نیازی جیل سے نکل کر داہگل ناکے پر پہنچیں۔ اس موقع پر ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوگئی ہے؟ جس پر نورین نیازی نے اپنے ہونٹوں پر انگلی رکھ کر خاموش رہنے کا اشارہ کیا۔
بعد ازاں نورین نیازی گاڑی میں موجود رہیں، جبکہ ڈاکٹر عظمیٰ کو بھی گاڑی میں بلا لیا گیا۔ کچھ دیر بعد قاسم زمان بھی گاڑی میں پہنچ گئے، جہاں نورین نیازی نے ڈاکٹر عظمیٰ اور قاسم زمان کو ملاقات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس سے قبل عمران خان کی صحت اور ملاقاتوں سے متعلق کیس کی سماعت میں سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو اسلام آباد کے نجی اسپتال شفاء انٹرنیشنل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ عمران خان کو سخت سیکیورٹی میں اسپتال منتقل کیا جائے اور اسپتال کے باہر امن و امان کی صورتحال متاثر نہیں ہونی چاہیے۔
عدالتی حکم کے مطابق اسپتال میں عمران خان کے ہمراہ ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کو غیر ملکی عناصر سے مکمل صاف کریں گے، طلال چودھری
اسپتال کے اخراجات کے حوالے سے عدالت نے کہا کہ اخراجات عمران خان کی فیملی خود برداشت کرے گی جبکہ میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائیگی۔
