اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ ملک کو غیر ملکی عناصر سے مکمل صاف کریں گے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اہم ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیاسی جماعتوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
طلال چودھری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر وفاق سمیت تمام صوبے عمل پیرا ہیں۔ جبکہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی سے متعلق ہر اجلاس کا پی ٹی آئی نے بائیکاٹ کیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی عوامی مسائل پر بات چیت کرنے میں سنجیدہ نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب نے آئندہ بسنت کی تاریخوں کا اعلان کر دیا
وزیر مملکت نے کہا کہ جعلی شناختی کارڈ بنانے والے نادرا افسران کو ملازمت سے نکالا گیا ہے۔ اور عوام کی سہولت کے لیے پاسپورٹ بنانے کا عمل بھی آسان کیا گیا ہے۔
