کراچی: حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، جس کے بعد صدر گڈز ٹرانسپورٹر اتحاد ملک شہزاد اعوان نے 40 روز کے لیے ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد ملک شہزاد اعوان نے حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد گورنر سندھ نہال ہاشمی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ وفاقی وزیر مواصلات علیم خان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے سب سے پہلے ٹرانسپورٹرز کا مؤقف سنا اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے معاملے پر حکومت سے 15 دن کا وقت لیا گیا ہے، جس کے بعد قیمتوں میں تبدیلی کے حوالے سے پیش رفت ہو گی۔ ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی کے مطالبے پر کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جبکہ ودہولڈنگ ٹیکس کا مسئلہ بھی حل ہو گیا۔ ٹول ٹیکس کے معاملے پر بھی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر علیم خان نے کہا کہ حکومت نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ وزیر پٹرولیم نے بھی مذاکرات میں بھرپور تعاون کیا جبکہ میئر کراچی اور سعید غنی سمیت پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ نے بھی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ جو معاملات ابھی حل طلب ہیں انہیں بھی جلد حل کرلیا جائے گا۔ حکومت اور ٹرانسپورٹرز نے ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھا ہے اور ٹرانسپورٹرز کے بیشتر مسائل حل کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان معاملات خوش اسلوبی سے طے ہونا ملک کے مفاد میں ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ملک کی بہتری کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں اور قیام امن میں بھی انہوں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان کا امن اور استحکام سب سے پہلے ہے اور وزیر اعظم کی قیادت میں ملک درست سمت میں گامزن ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکس ادا نہ کرنے والے ہم پر مسلط ہیں، حافظ نعیم الرحمان
گورنر سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے حکومت اور تمام متعلقہ فریق مل کر کام کریں گے۔
