نئی دہلی: بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے کرتارپور راہداری کے دورے کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں پاکستان میں بہت پیار ملا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکار سنی دیول نے اپنی نئی فلم کی تشہیر کے دوران ایک انٹرویو میں پاکستان کے دورے سے متعلق سوال پر کہا کہ وہ باضابطہ طور پر پاکستان نہیں گئے، تاہم کرتارپور راہداری کھلنے کے موقع پر انہیں وہاں جانے والے وفد میں شامل کیا گیا تھا، کیونکہ کرتارپور ان کے انتخابی حلقے کا حصہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ کرتارپور میں انہیں پاکستانیوں اور فوجیوں کی جانب سے بھی بھرپور محبت ملی۔ وہاں موجود بعض افراد نے ان سے کہا کہ وہ پاکستان مخالف فلمیں نہ بنائیں کیونکہ وہ انہیں بہت پسند کرتے ہیں۔
سنی دیول نے کہا کہ وہ فلموں میں صرف ایک کردار ادا کرتے ہیں۔ ہر شخص اپنے ملک سے محبت کرتا ہے، تاہم معصوم شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
بالی ووڈ اداکار نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور باہمی تعلقات کی اہمیت پر بھی بات کی اور کہا کہ ذاتی طور پر لوگوں کے درمیان دشمنی نہیں ہونی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: اظفرعلی نے تیسری شادی کا اعلان کردیا، دلہن سے پہلی ملاقات کی کہانی بھی بتادی
سنی دیول کی جانب سے کرتارپور کے دورے اور پاکستان میں ملنے والی محبت کا یہ تذکرہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وہ اپنی نئی فلم کی تشہیر میں مصروف ہیں۔
