پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف میزبان، اداکار اور پروڈیوسر اظفرعلی نے اپنی تیسری شادی کا اعلان کردیا۔
انہوں نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اپنی شادی سے متعلق ایسی تفصیلات شیئر کیں جو اس سے قبل انہوں نے کیمرے کے سامنے بیان نہیں کی تھیں۔
اظفرعلی سب سیٹ ہے، شاہ رخ کی سالیاں اوراب بجے گی شہنائی جیسے ڈراموں میں اداکاری کے حوالے سے جانے جاتے ہیں، جبکہ وہ مقبول پروگرام اظفر مانی شو کی میزبانی بھی کرچکے ہیں، پیشہ ورانہ زندگی کے ساتھ ساتھ ان کی ازدواجی زندگی بھی مختلف اوقات میں خبروں کی زینت بنتی رہی ہے۔
اداکار کی پہلی شادی اداکارہ سلمیٰ حسن سے ہوئی تھی، تاہم یہ رشتہ زیادہ عرصہ قائم نہ رہ سکا اور دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔
بعد ازاں اظفرعلی نے ڈرامہ سیریل ہم سفر سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ اورمیزبان نوین نقوی سے دوسری شادی کی، تاہم یہ ازدواجی رشتہ بھی کامیاب نہ ہوسکا اور دونوں کی راہیں جدا ہوگئیں۔
حالیہ گفتگو کے دوران اظفر علی نے بتایا کہ ان کی تیسری شادی گزشتہ سال اکتوبر میں ہوئی۔ ان کے مطابق یہ ایک ارینج میرج ہے اور ان کیلئے یہ تجربہ انتہائی خوبصورت رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی تیسری شادی کے بارے میں اس سے پہلے کیمرے کے سامنے کبھی بات نہیں کی تھی، تاہم اب وہ اس حوالے سے کھل کر گفتگو کررہے ہیں۔
اظفر علی نے بتایا کہ ان کی بہنیں ان کی شادی کیلئے مسلسل اصرار کرتی تھیں، کیونکہ وہ خود شادی میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتے تھے۔
بالآخر ان کی بہن نے ان کیلئے رشتہ تلاش کیا۔ ان کی ہونے والی اہلیہ ردا اس وقت دبئی میں مقیم تھیں اور وہاں شعبۂ انسانی وسائل کی سربراہ کے طور پر کام کر رہی تھیں۔
امیتابھ بچن کا سالگرہ کی مبارکباد کا جواب نہ ملنے پر پریتی زنٹا سے شکوہ
اداکار کے مطابق شادی سے قبل انہوں نے ردا سے پاکستان منتقل ہونے کی درخواست کی، کیونکہ وہ خود دبئی میں مستقل رہائش اختیار نہیں کرسکتے تھے۔ دونوں کے درمیان تقریباً 6 ماہ تک بات چیت ہوئی، جس کے بعد اکتوبر 2025 میں دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
اپنی شخصیت میں آنے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے اظفرعلی نے کہا کہ ان کی دوسری طلاق کو 12 سال گزر چکے ہیں اور اس دوران زندگی کے مختلف تجربات نے انہیں بہت کچھ سکھایا اوروقت کیساتھ وہ خود بھی بدل گئے ہیں۔
اظفر علی نے کہا کہ اب وہ رشتوں کو پہلے سے مختلف انداز میں دیکھتے ہیں۔ ماضی کے برعکس وہ اپنی اہلیہ پر اپنی مرضی مسلط نہیں کرتے اور رشتے میں باہمی سمجھ بوجھ کو اہمیت دیتے ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ پہلے ان کی زیادہ توجہ اپنے کیریئر پر ہوتی تھی، تاہم اب وہ پیشہ ورانہ مصروفیات کے ساتھ اپنی ذاتی زندگی اور ازدواجی رشتے پر بھی بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔
