شگر (عابد شگری): براڈ پیک حادثے میں لاپتہ پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی کی لاش مقامی پورٹرز نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد برفانی تودے سے برآمد کرلی۔
پورٹرز نے لاش کو براڈ پیک بیس کیمپ منتقل کیا جہاں سے اسے پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سکردو پہنچا دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شگر سے تعلق رکھنے والے مقامی پورٹرز ابوذر علی، محمد بشیر اور محمد ندیم نے اپنی مدد آپ کے تحت سہیل سخی کی تلاش شروع کی۔ پورٹرز نے بغیر جدید آلات کے کئی گھنٹے محنت کی اور بالآخر برف کے نیچے سے سہیل سخی کی لاش تلاش کرلی۔
سہیل سخی کی لاش ملی کیسے؟
ان میں سے ایک پورٹر، ابوذر، نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ان کا تعلق شگر کے علاقے تیسر سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جب براڈ پیک بیس کیمپ سے تھوڑا اوپر گئے تو انہیں کچھ سامان اور ایک جوتا نظر آیا۔
براڈ پیک حادثہ: لاپتہ پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی کی میت مقامی پورٹرز نے تلاش کرلی۔ شگر کے تین پورٹرز ابوزر علی، محمد بشیر اور محمد ندیم نے بغیر جدید آلات کے کئی گھنٹے محنت کرکے میت برف سے نکال لی۔ ایک نیپالی کوہ پیما تاحال لاپتہ ہے۔#Earthquake #Broadpeak pic.twitter.com/SmQiK50qQU
— Roshan Din Diameri (@Rohshan_Din) August 13, 2026
”پھر ہم نے وہاں کھدائی کی کہ کیا پتا یہاں کسی کی لاش ہو۔“ 3 گھنٹے تک کھدائی کرنے کے بعد ان پورٹرز کو ایک لاش ملی جس کا سر بری طرح زخمی تھا، انہیں شک گزرا کہ یہ سہیل سخی تاہم شناخت کرنا مشکل تھا جس کے لیے وہ واپس بیس کیمپ گئے اور شناخت کے لیے امان اللہ نامی ایک گائیڈ کو ساتھ لے آئے جس نے تصدیق کی کہ یہ سہیل سخی کی ہی لاش ہے۔
اس کے بعد یہی پورٹرز سہیل سخی کی لاش کو لپیٹ کر براڈ پیک سے نیچے لے آئے۔
اس بات کی تصدیق معروف پاکستان کوہ پیما نائلہ کیانی نے بھی اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کی۔ انہوں نے کہا کہ سہیل سخی کی لاش کی سب سے پہلے نشاندہی مقامی پورٹرز محمد ندیم، محمد بشیر اور ابوذر نے کی، جن کا تعلق شگر کے علاقے تِسّر سے ہے۔
ان کے مطابق بعد ازاں دیگر مقامی رضاکار بھی تلاش اور منتقلی کے عمل میں شامل ہوگئے اور لاش کو کیمپ ون سے براڈ پیک بیس کیمپ تک منتقل کیا گیا۔

نائلہ کیانی نے مقامی رضاکاروں کی بے لوث کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہمت اور ہمدردی کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 30 جولائی کو براڈ پیک پر آنے والے برفانی تودے کی زد میں آکر پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی سمیت دیگر 10 کوہ پیما لاپتہ ہوگئے تھے۔ ریسکیو اینڈ سرچ ٹیم نے بعد ازاں 8 کوہ پیماؤں کی لاشیں تلاش کرلی تھیں، جبکہ سہیل سخی اور ایک نیپالی کوہ پیما تاحال لاپتہ تھے۔
سہیل سخی کی لاش ملنے کے بعد براڈ پیک حادثے میں ایک نیپالی کوہ پیما اب بھی لاپتہ ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔
سہیل سخی کی میت کو براڈ پیک بیس کیمپ سے آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے سکردو منتقل کر دیا گیا ہے۔ لاش وصول کرنے کے لیے الپائن کلب آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری ایاز شگری سکردو ہیلی پیڈ پر موجود تھے۔
