پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے 10 سالہ رفاقت کے بعد اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز سے شادی کر لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ رونالڈو اور 32 سالہ جارجینا نے 11 اگست کو پرتگال کے شہر کاسکائس میں ایک نجی تقریب میں شادی کی، جس میں ان کے 5 بچے بھی شریک ہوئے۔
جوڑے نے شادی کی بڑی تقریب یا تفصیلی اعلان کرنے کے بجائے صرف اپنی شادی کی انگوٹھیوں کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے مداحوں کو خوشخبری سنائی۔
View this post on Instagram
یہ شادی جارجینا کی جانب سے اگست 2025 میں منگنی کا اعلان کرنے کے ایک سال بعد ہوئی۔ جارجینا نے اس وقت اپنی منگنی کی انگوٹھی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ میں ان کے ساتھ اس زندگی میں بھی ہوں اور اپنی آنے والی ہر زندگی میں بھی ان کا ساتھ چاہتی ہوں۔
واضح ر ہے کہ رونالڈو اور جارجینا کی ملاقات 2016 میں ہوئی تھی، جب جارجینا اٹلی کے مشہور برانڈ گوچی کے ایک اسٹور میں سیلز اسسٹنٹ کے طور پر کام کرتی تھیں۔
کرسٹیانو رونالڈو کی ایک منٹ کی کمائی کتنی ؟ جان کر حیران رہ جائیں گے
2017 میں دونوں پہلی بار زیورخ میں ہونے والے فیفا فٹبال ایوارڈز کی تقریب میں ریڈ کارپٹ پر ایک ساتھ نظر آئے، بعد میں رونالڈو نے جارجینا کے ساتھ تصویر شیئر کرکے اپنے تعلق کو عوامی سطح پر ظاہر کیا۔
رونالڈو اور جارجینا کی دو بیٹیاں، الانا مارٹینا اور بیلا ایسمرالڈا ہیں۔ جارجینا رونالڈو کے دیگر بچوں، کرسٹیانو جونیئر، ایوا اور میٹیو کے ساتھ بھی قریبی تعلق رکھتی ہیں۔
ان کے خاندان کو 2022 میں بڑے صدمے کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب جارجینا کے جڑواں بچوں میں سے بیٹا اینجل پیدائش کے کچھ ہی دیر بعد انتقال کر گیا تھا۔
رونالڈو کی دلہن جارجینا کون ہیں؟
جارجینا روڈریگیز 32 سالہ ہسپانوی ماڈل، رقاصہ، کاروباری شخصیت اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ہیں۔ ان کے انسٹاگرام پر 77 ملین سے زائد فالوورز ہیں۔
وہ رونالڈو کے 5 بچوں کی پرورش میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جن میں کرسٹیانو جونیئر، جڑواں بچے ایوا ماریا اور میٹیو، الانا اور بیلا شامل ہیں۔
جارجینا اسپین کے شہر جاکا میں ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ ان کی والدہ ہسپانوی جبکہ والد ارجنٹائن سے تعلق رکھتے تھے۔ نوجوانی میں انہوں نے بیلے ڈانس کی تربیت حاصل کی اور بعد میں میڈرڈ منتقل ہو گئیں۔
میڈرڈ میں انہوں نے معروف فیشن برانڈز میں ملازمت کی، جن میں ماسیمو دوتی اور گوچی شامل ہیں۔ اسی دوران ایک لگژری اسٹور میں ان کی ملاقات رونالڈو سے ہوئی، جو اس وقت ہسپانوی کلب ریل میڈرڈ کے لیے کھیل رہے تھے۔
View this post on Instagram
بعد ازاں جارجینا نے ماڈلنگ کے شعبے میں نام بنایا اور مختلف بین الاقوامی فیشن برانڈز کے ساتھ کام کیا۔ 2021 میں انہوں نے اپنا فیشن برانڈ OM by G اورمتعارف کرایا، جبکہ وہ ہیئر ریسٹوریشن کمپنی Insparya سے بھی وابستہ رہیں۔
2022 میں ان کی زندگی پر مبنی نیٹ فلکس سیریز I Am Georgina ریلیز ہوئی جس سے جارجینا کی شہرت میں مزید اضافہ ہوا۔ اس سیریز میں ان کی ذاتی زندگی، کاروباری سرگرمیوں اور خاندانی معاملات کو دکھایا گیا۔
