آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران 15 خوارج کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے مستونگ، بولان، واشک، آواران، سبی، خضدار، ہرنائی اور نوشکی میں خوارج کے خلاف متعدد کارروائیاں کیں۔ کارروائیوں کے نتیجے میں 15 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے باعث خوارج کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ان کی نقل و حرکت محدود کردی گئی ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہنگو اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں ، 10دہشتگرد ہلاک ، کیپٹن شہید
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسزکی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے جنہوں نے فتنہ الہندوستان اورفتنہ الخوارج کےمذموم عزائم ناکام بنائے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف برسرپیکارسیکیورٹی فورسزکےبہادر جوان قوم کافخرہیں اور قوم کی حمایت سےبلوچستان میں فتنہ الہندوستان اورفتنہ الخوارج کامکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں کامیابی کے تسلسل پر اظہار تشکر کیا ہے۔ انہوں نے 15 دہشت گردوں کی ہلاکت اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
