پاکستان کے محمد زبیر نے پیرس میں منعقدہ ٹیکن 8 ای اسپورٹس ورلڈ کپ 2026 اپنے نام کرکے ملک کے لیے عالمی اعزاز حاصل کرلیا۔
محمد زبیر نے گرینڈ فائنل میں جنوبی کوریا کے کھلاڑی ہائی لو کو 0-5 سے آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فائنل میں محمد زبیر نے اپنے پسندیدہ کردار ڈریگنوو جبکہ ہائی لو نے برائن فیوری کے ساتھ مقابلہ کیا۔
عالمی چیمپئن بننے والے محمد زبیر کو ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ 3 لاکھ امریکی ڈالرز، یعنی 8 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد کی انعامی رقم بھی ملی۔
‘خاص دوست کی بدولت فتح ملی’
محمد زبیر نے 0-5 سے شاندار فتح کے بعد کامیابی کا راز اپنی سخت محنت، لگن اور پاکستان میں کی جانے والی بھرپور پریکٹس کو قرار دیا۔
The TEKKEN 8 at EWC26 champion @ZubairAbdu31256 has sealed his historic run in the Totem! pic.twitter.com/gunQim3RZ2
— EWC Extra (@EWC_Extra) August 8, 2026
محمد زبیر کے مطابق انہیں مکمل یقین تھا کہ وہ کامیابی حاصل کرسکتے ہیں اور محنت، لگن اور مسلسل پریکٹس کی بدولت وہ یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں کافی پریکٹس کرتے رہے اور ان کے ایک خاص دوست نے بھی ان کے ساتھ کھیلنے اور تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔ محمد زبیر نے کہا کہ وہ اپنے دوست کے شکر گزار ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ای اسپورٹس ورلڈ کپ جیتنے کی خبر سن کر ان کا دوست بہت خوش ہوگا۔
ارسلان ایش کو شکست
محمد زبیر نے فائنل میں جگہ بنانے کے لیے سیمی فائنل میں پاکستان کے معروف ٹیکن اسٹار ارسلان ایش کو شکست دی تھی۔ محمد زبیر کو ای سی ڈبلیو میں جگہ بنانے کے لیے لاسٹ چانس کوالیفائر میں بھی حصہ لینا پڑا تھا۔
انہوں نے ارسلان ایش کو ایک انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں 4-5 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
پاکستان کے مایہ ناز ای سپورٹس کھلاڑی ارسلان ایش (اصل نام ارسلان صدیق) نے ٹیکن (Tekken) کی دنیا میں 8 بار عالمی چیمپئن بن کر تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے پہلی بار 2019ء میں جاپان میں ٹیکن 7 کا عالمی ٹائٹل جیت کر بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل کی۔
اب ارسلان ایش کی جگہ محمد زبیر نے لے لی ہے اور دونوں کی وجہ سے پاکستان کا نام روشن ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
