فیول فنڈز کی عدم فراہمی پر لاہور میں میٹرو بس سروس چلانے والی نجی کمپنی نے 11 اگست سے تمام آپریشنز معطل کرنے کا اعلان کردیا۔
میٹرو بس سروس چلانے والی کمپنی نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (پی ایم اے) کو حتمی نوٹس بھجوا دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ مالی وسائل ختم ہوچکے ہیں اور مزید میٹرو بس آپریشن جاری رکھنا ممکن نہیں۔
کمپنی کے مطابق 29 جولائی کے عدالتی حکم پر تاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا، جس کے باعث آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ 6 اگست کو ہونے والے اجلاس میں مسئلے کے حل پر اتفاق کیا گیا تھا، تاہم تاحال پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے کوئی مؤثر انتظام نہیں کیا گیا۔
بریکنگ
پنجاب حکومت کے پاس فنڈز کی کمی، میٹرو بسز چلانے والی کمپنی کو فیول فنڈز کی عدم فراہمی، نجی کمپنی VEDA نے فنڈز کی عدم فراہمی پر 11 اگست سے لاہور میں میٹرو بس سروسز بند کا اعلان کردیا۔ pic.twitter.com/wO23uPuQLm— Journalist Unsa Fatima (@UnsaFatima_) August 8, 2026
ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اتھارٹی کی جانب سے فیول کی مد میں واجب الادا رقم ادا نہیں کی جارہی، جس کے باعث کمپنی کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
کمپنی نے اپنے نوٹس میں واضح کیا ہے کہ اگر فیول کی فراہمی اور واجبات کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو 11 اگست سے لاہور میٹرو بس کے تمام آپریشنز معطل کردیے جائیں گے۔
کمپنی ذرائع کا کہنا ہے کہ فیول کے معاملے پر عدالت بھی نجی کمپنی کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے جبکہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو اس سے قبل بھی متعدد نوٹس بھجوائے جاچکے ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کا مؤقف
دوسری جانب محکمہ ٹرانسپورٹ کے ترجمان نے میٹرو بس سروس بند ہونے کی اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میٹرو بس سروس بند ہونے کا کوئی معاملہ نہیں ہے۔
ہم صبر کر رہے ہیں، ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے، بلاول بھٹو
ترجمان کے مطابق نجی کمپنی کے ساتھ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اور عدالت میں کیس کے ساتھ ساتھ فریقین کے درمیان متوازی ثالثی کا عمل بھی جاری ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ معاملے کے حل کے لیے قانونی اور ثالثی کے دونوں راستے اختیار کیے جارہے ہیں۔
