آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے ضلع باغ اور حویلی کی 4 نشستوں کیلئے پولنگ کل 10 اگست کو ہوگی۔
ووٹنگ کے لیے آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے تیاریاں مکمل کرلیں ہیں، دونوں اضلاع میں سیکورٹی فورسز تعینات کر دی گئی ہیں، انتخابی مہم ختم ہوگئی ہے جبکہ انتخابی سامان بھی تمام پولنگ اسٹیشنز پر پہنچ چکا ہے۔
تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کی 11 نشستوں کے لیے پولنگ ہونا تھی، تاہم ضلع پونچھ اور سدھنوتی کے 7 انتخابی حلقوں میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے ووٹنگ مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ضلع باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں ووٹرز کی تعداد تقریباً 4 لاکھ 60 ہزار ہے اور ان حلقوں میں ایک موجودہ اور دو سابق وزرائے اعظم بھی انتخابات میں قسمت آزما رہے ہیں۔
دوسری جانب ڈویژن کے باقی 2 اضلاع، یعنی راولاکوٹ اور سدھنوتی میں کالعدم جوائنٹ عوام ایکشن کمیٹی احتجاج جاری رکھ ہوئے ہے۔ کمیٹی کا مؤقف ہے کہ ان کا احتجاج پر امن ہے جبکہ انتظامیہ ان پر مسلح اور پرتشدد ہونے کا الزام لگاتی ہے۔
ریاست نے 5 جون کو کمیٹی کو کالعدم قرارد دیتے ہوئے اس کے سرکردہ رہنماؤں اور متحرک افراد کے نام فورتھ شیڈول میں شام کیے تھے۔
ڈویژن میں انتخابات سے چند روز قبل ایکشن کمیٹی کے چند مزید “متحرک کارکنان” کے نام بھی فورتھ شیڈول میں شامل کیے گئے ہیں، جن میں سے بعض کا دعویٰ ہے کہ ان کے شناختی کارڈ اور بینک اکاؤنٹ بھی معطل ہو چکے ہیں۔
اس فہرست میں خاتون صحافی عذرا عالم بھی شامل ہیں جنہیں دو ہفتے قبل انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج ایک مقدمے میں ان کی والدہ اور بہن کے ہمراہ اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ 4 اگست کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شناخت پریڈ کے لیے ان کا 85 دیگر ملزمان کے ساتھ 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کیا تھا۔
ان کے علاوہ ایک خاتون سیاستدان کا نام بھی فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔ نبیلہ ارشاد جموں کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی کی چیئرپرسن ہیں اور وہ ان انتخابات میں حلقہ ایل اے 23 (سدھنوتی (سے بطور امیدوار اسمبلی الیکشن لڑ رہی تھیں۔
