اسلام آباد، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں ای سم کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے اہم اقدامات کا اعلان کردیا۔
پی ٹی اے کے مطابق ای سم کے اجرا اور روایتی سم کو ای سم میں تبدیل کرنے کی فیس کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے اعلامیے کے مطابق ای سم کے اجرا اور روایتی سم کوای سم میں تبدیل کرنے کی زیادہ سے زیادہ فیس 1500 روپے مقرر کردی گئی ہے، نظرثانی شدہ فیس پاکستان، آزاد کشمیراور گلگت بلتستان میں یکساں طور پر نافذ ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صارفین اب ایک موبائل ڈیوائس سے دوسری ڈیوائس میں ای سم پروفائل 10 مرتبہ مفت منتقل کرسکیں گے۔
پی ٹی اے نے ای سم پروفائل کی مفت منتقلی کی سہولت میں بھی اضافہ کردیا ہے تاکہ صارفین کیلئے جدید موبائل ٹیکنالوجی کا استعمال مزید آسان بنایا جاسکے۔
پی ٹی اے کے مطابق نظرثانی شدہ فیس اور مفت ای سم منتقلی کی نئی سہولت 17 اگست 2026 سے نافذ العمل ہوگی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فیس میں کمی اورای سم پروفائل کی مفت منتقلی کی سہولت میں اضافے کا بنیادی مقصد ملک میں ای سم کے استعمال کو فروغ دینا اور زیادہ سے زیادہ صارفین کو اس جدید سہولت سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور صارفین کو ڈیجیٹل خدمات تک آسان رسائی فراہم کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
25 کلو واٹ تک کے سولر صارفین کو بڑی سہولت، نیپرا نے ریگولیشنز میں ترمیم کردی
ای سم کے بڑھتے ہوئے استعمال سے صارفین کو موبائل ڈیوائسز تبدیل کرتے وقت سہولت حاصل ہوگی اور روایتی سم کے مقابلے میں جدید ڈیجیٹل سہولتوں تک رسائی مزید آسان بنائی جاسکے گی۔
پی ٹی اے نے امید ظاہر کی ہے کہ نظرثانی شدہ فیس اور مفت منتقلی کی اضافی سہولت سے ملک میں ای سم اپنانے کے رجحان میں اضافہ ہوگا۔
