برازیل اور امریکا میں پیش آنے والے 2 ہیلی کاپٹر حادثات میں مجموعی طور پر 6 افراد ہلاک ہو گئےہیں۔
خبررساں ادارے اناطولیہ ایجنسی کے مطابق برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ایک ہیلی کاپٹر جنگلاتی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر آگ بھڑک اٹھی، جسے بجھانے کے لیے خصوصی ٹیمیں روانہ کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر ایک نجی کمپنی کے زیرِ انتظام تھا جو سیاحوں کو فضائی سیر کراتی تھی، اور یہ حادثہ شہر کے مشہور سیاحتی مقام وسٹا چائنیسا کے قریب پیش آیا۔
کولمبیا کی قونصل جنرل ڈیانا پائز کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 3 افراد کولمبین سیاح ہو سکتے ہیں، تاہم شدید جھلس جانے کے باعث شناخت کا عمل دشواری کا شکار ہے۔
ریسکیو اہلکاروں کو حادثے کے مقام تک پہنچنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ ہیلی کاپٹر گھنے اور دشوار گزار جنگل میں گرا۔
ادھر امریکا کی ریاست یوٹاہ میں جنگلاتی آگ بجھانے کے مشن پر مامور ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے۔
Firefighting Helicopter Crashes Near Massive Utah Wildfire
A heavy-lift firefighting helicopter carrying two people crashed on Friday while supporting operations against a massive wildfire in central Utah, according to authorities. The aircraft, identified by the U.S. Federal… pic.twitter.com/iY2xFvuoJW
— JQJO USA Environment English (@Jqjoenviroment) August 8, 2026
حکام کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر فشلَیک نیشنل فاریسٹ میں لگی آگ پر قابو پانے کی کارروائی میں شریک تھا۔
حادثے کے نتیجے میں ایک نئی آگ بھڑک اٹھی جو بعد ازاں پہلے سے موجود آگ میں شامل ہو گئی۔ حکام کے مطابق مشترکہ آگ اب تقریباً 174 مربع میل (451 مربع کلومیٹر) رقبے تک پھیل چکی ہے، جبکہ امریکا کے مغربی حصوں میں متعدد جنگلات بدستور آگ کی لپیٹ میں ہیں۔
