مظفر آباد: صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چودھری یاسین نے الزام عائد کیا ہے کہ 2016 کے انتخابات میں بھی منصوبہ بندی کے تحت دھاندلی کی گئی تھی اور حالیہ انتخابات میں بھی آزاد کشمیر کے انتخابی عمل کو متنازع بنا دیا گیا۔
صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چودھری یاسین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں پنجاب پولیس کو بھیجا گیا جس نے انتخابی عمل کے دوران جانبداری کا مظاہرہ کیا۔ ایل اے 9، ایل اے 11، ایل اے 12 اور ایل اے 5 میں دھاندلی کی گئی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ رانا ثنااللہ نے ایک سال قبل ہی کہہ دیا تھا کہ آزاد کشمیر میں حکومت بنائیں گے، اور پنجاب کی 10 نشستیں مسلم لیگ ن کی جیب میں ہیں۔
چودھری یاسین نے کہا کہ وفاقی وزرا کے بیانات کشمیر میں جلتی پر تیل کا کام کر رہے ہیں۔ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے معاملے پر ایک کمیٹی بھی بنائی گئی تھی، جس میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے رہنما شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ابتدا میں کمیٹی سے اتفاق کیا، لیکن بعد میں پیچھے ہٹ گئی۔ آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے اور یہاں کے عوام کے مینڈیٹ کا احترام کیا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے آئندہ ماہ سے شروع ہونے کی توقع ہے، وزیر پیٹرولیم
چودھری یاسین نے مزید دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت زیادہ دیر چلنے والی نہیں۔
