وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آج پاکستان کیلئے اہم اور تاریخی دن ہے، پوری دنیا پاکستان کی صلاحیتوں کا اعتراف کررہی ہے، پاکستان نے ہمیشہ اتحاد اور امن کا پیغام دیا ہے۔
اپنے بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ دنیا نے معرکہ حق کے دوران پاکستان کی دفاعی صلاحیت کا مشاہدہ کیا، اس کے بعد پاکستان کو ایک کے بعد ایک کامیابی ملی ہے۔
فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو عبرتناک شکست ہوئی، جبکہ معرکہ حق میں پوری قوم متحد تھی۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا پوری دنیا اعتراف کررہی ہے، دفاعی معاہدے ہمیشہ دفاع کیلئے ہوتے ہیں، کسی جارحیت کیلئے نہیں۔
پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ اس کی دفاعی صلاحیتیں ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سفارتی سطح پر بھی عالمی امن کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے، قیام امن کیلئے پاکستان کے کردار کی دنیا معترف ہے اور پاکستان نے ہمیشہ تنازعات کے پرامن حل اور اتحاد کا پیغام دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور قومی اتحاد کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔ آج عالمی سطح پر پاکستان کی صلاحیتوں اور امن کیلئے کردار کو تسلیم کیا جارہا ہے۔
انہوں مزید نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدے پر ہمیں اپنی قیادت پر فخر ہے، پاکستان نے دنیا بھر میں عزت و وقار حاصل کیا۔ معاہدہ تینوں برادر اقوام اور امت مسلمہ کیلئے امن و خوشحالی کا باعث بنے گا۔
