وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح اورشکایت کے ازالے کا مؤثرانتظامی ڈھانچہ یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی کی ترسیلی کمپنیز کی نجکاری کا جائزہ اجلاس ہوا،جس میں پرائیویٹائزیشن کمیشن کی اصلاحاتی تنظیم نو کاجائزہ لیاگیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ترکیہ، سعودی عرب اور چین میں روڈ شوزکے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں۔
حکومت نے ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مشیر نجکاری
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کمپنیز کی نجکاری میں سرمایہ کاروں کی شمولیت کے لیےمؤثرحکمت عملی اختیار کی جائے،نجکاری کمیشن میں جاری ادارہ جاتی اصلاحات اور تنظیم نو کا کام ایک ماہ میں مکمل کیا جائے۔
سرمایہ کاروں کی شمولیت کے لیے اندرون و بیرون ملک کامیاب روڈ شوز باعث اطمینان ہیں،ڈسکوز کی نجکاری کے مراحل طے شدہ قواعد کے مطابق منافع بخش انداز میں مکمل کیے جائیں۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری کمیشن کی افرادی قوت میں مالیاتی، قانونی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین شامل کیے جائیں،اداروں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نجکاری کے مراحل میں پیشہ ورانہ استعداد کے حامل کنسلٹنٹ کی تجاویز،قانونی انتظامات اور مالیاتی ریگولیشن فریم ورک کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
فیسکو اور گیپکو کی نجکاری، سرمایہ کاروں کو بڑا ریلیف، درخواستوں کی تاریخ میں توسیع
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے صدر کی ملاقات ہوئی۔ جس میں ملکی ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل میں باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان جاپان اور جائیکا کی دیرینہ شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ حکومتی اصلاحات سے 3برس میں سرکاری محصولات دگنی ہوئیں، معدنیات کے شعبے کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، جائیکا کا سمیڈا کے ساتھ تعاون برآمدات میں اضافے کیلئے مفید ثابت ہو گا۔

وزیراعظم پاکستان نے خواتین کو بااختیاربنانےسے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشکل معاشی چیلنجز پر ٹیم ورک سے قابو پایا، خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
صدر جائیکا نے مخلتف شبعوں میں تعاون بڑھانےپر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق تعاون کومضبوط بنایا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے صدر جائیکا سے جاپان میں حالیہ زلزلے میں جانی نقصان پر افسوس کااظہار بھی کیا۔
