پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارت 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر صنعت، کان کنی و تجارت سید محمد اتابک کی سربراہی میں چھ رکنی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ہمسایہ ملک ایران کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خصوصاً تجارت کے فروغ اور خطے میں پائیدار امن کے قیام پر مثبت گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرِ صنعت، کان کنی و تجارت سید محمد اتابک کی سربراہی میں 6 رکنی وفد کی اسلام آباد میں ملاقات
پاکستان اپنے بہترین ہمسایہ برادر ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، وزیراعظم pic.twitter.com/CjUAMDTpyX
— Shehbaz Digital Media (@ShehbazDigital) August 5, 2026
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے مقرر کردہ 10 ارب ڈالر کی دوطرفہ تجارت کا ہدف مسلسل کوششوں سے حاصل کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ خوراک، زرعی اجناس اور دیگر مصنوعات کی تجارت کے فروغ سے دونوں ممالک کو نمایاں اقتصادی فوائد حاصل ہوں گے۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران نے سرحدی تجارت کے فروغ، بارڈر کو 24 گھنٹے فعال رکھنے کے لیے سہولیات بڑھانے، لاجسٹکس کو بہتر بنانے اور کسٹمز طریقہ کار میں ہم آہنگی پیدا کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے کان کنی، خصوصاً قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی دیا۔
ایرانی وزیر سید محمد اتابک نے پرتپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر پاکستانی قیادت اور عوام کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔
ایرانی وزیر نے بتایا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے (Free Trade Agreement) کے حوالے سے تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری ہیں۔
نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے،وزیراعظم کی ہدایت
ملاقات میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال خان، علی پرویز ملک، جنید انور چوہدری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاونین خصوصی سید طارق فاطمی، ہارون اختر، طلحہ برکی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
