بیلاروس کے چیف آف جنرل اسٹاف اور نائب وزیر دفاع میجر جنرل موراویکو پاویل نکولائیوچ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وفد نے نیول چیف سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پیشہ ورانہ معاملات، علاقائی سلامتی اور پاکستان و بیلاروس کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے دوستانہ اور دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاک بحریہ مختلف شعبوں میں باہمی تجربات کے تبادلے اور مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بیلاروسی وفد کے سربراہ نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیتوں اور قومی سلامتی کے لیے اس کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیلاروس پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
کشمیر ہمارا لاڈلہ ترین بچہ ہے، یہ پاکستان کی شہ رگ تھا اور رہے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے، پیشہ ورانہ روابط بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
