وزیر داخلہ محسن نقوی نے قطری ہم منصب و کمانڈر داخلی سلامتی فورس (لخویا) شیخ خلفیہ بن حمد بن خلفیہ الثانی سے ملاقات کی جس میں سکیورٹی سے متعلقہ شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے سکیورٹی پارٹنر شپ بڑھانے اور خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کو مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں داخلی سکیورٹی سے متعلق باہمی تعاون اور شراکت داری کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ممالک کو مل کر کام کرنا ہو گا، محسن نقوی
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قطر کے ساتھ سکیورٹی و مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک کو مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔
وزیر داخلہ نے قطری ہم منصب سے ان کے والد سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلفیہ الثانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ اور قطر کی تعمیر و ترقی میں سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلفیہ الثانی کی گراں قدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر قطری وزیر داخلہ شیخ خلفیہ بن حمد بن خلفیہ الثانی کا کہنا تھا کہ قطر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
