دریائے چناب میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے باعث مختلف مقامات پر اونچے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، جبکہ محکمہ موسمیات اور محکمہ انہار نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور دریا کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہیڈ خانکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں پانی کی آمد 2 لاکھ 14 ہزار 330 کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 8 ہزار 903 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ہیڈ مرالہ پر بھی اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جہاں پانی کی آمد 2 لاکھ 75 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ پانی کا اخراج 2 لاکھ 58 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق پانی کے دباؤ میں اضافے کے باعث نشیبی علاقوں کی صورتحال پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔
اسی طرح قادر آباد بیراج پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، جہاں پانی کی آمد 1 لاکھ 58 ہزار 539 کیوسک اور اخراج 1 لاکھ 43 ہزار 539 کیوسک رہا۔
خیبرپختونخوا کے 8 اضلاع میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خدشہ، پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ
محکمہ انہار کا کہنا ہے کہ دریائے چناب کی مجموعی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور دیگر محکموں کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام نے دریا کے کنارے آباد آبادیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دریا کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر فوری عمل کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
