پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے گلیشیائی جھیلیں پھٹنے (گلوف) کے خدشے کے پیش نظر صوبے کے آٹھ اضلاع کے لیے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور حالیہ بارشوں کے باعث دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، اپر اور لوئر دیر، سوات، اپر و لوئر کوہستان اور مانسہرہ سمیت مختلف اضلاع میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے اور سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔
تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، بروقت وارننگ جاری کرنے اور حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اتھارٹی نے کوہستان، مانسہرہ اور سوات میں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں، مشینری اور دیگر ضروری آلات کی دستیابی ہر وقت یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی ہے، جبکہ چترال، اپر دیر، سوات، کوہستان اور مانسہرہ میں ممکنہ انخلا کے لیے پیشگی تیاریاں مکمل رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں بارشوں نے تباہی مچا دی، حادثات میں 14 افراد جاں بحق، الرٹ جاری
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ چترال، اپر دیر، سوات اور کوہستان کے علاقوں میں کیمپنگ، ٹریکنگ اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ تیز بہاؤ والے دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر فوری عمل کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
