وفاقی پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں نوجوانوں کی سول سروس میں دلچسپی بدستور برقرار ہے اور سی ایس ایس اسکریننگ ٹیسٹ کے لیے رجسٹریشن گزشتہ پانچ برس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ایف پی ایس سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سی ایس ایس اسکریننگ ٹیسٹ کے لیے مجموعی طور پر 64 ہزار 81 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ نوجوانوں کی سول سروس میں دلچسپی کم ہونے کا تاثر درست نہیں۔
کمیشن کے مطابق بعض حالیہ رپورٹس میں یہ تاثر دیا گیا کہ نوجوان سول سروس سے دور ہو رہے ہیں، حالانکہ یہ مؤقف درست اعداد و شمار سے مطابقت نہیں رکھتا۔
کمیشن نے کہا کہ سول سروس میں دلچسپی جانچنے کا سب سے معتبر پیمانہ اسکریننگ ٹیسٹ کی رجسٹریشن ہے، کیونکہ ہر امیدوار کو تحریری امتحان میں شرکت سے قبل اس مرحلے سے لازمی گزرنا ہوتا ہے۔
ایف پی ایس سی کے مطابق 2025 میں امیدواروں کی رجسٹریشن 2022 کے مقابلے میں تقریباً 3.8 فیصد زیادہ رہی۔
بیان میں کہا گیا کہ متعلقہ رپورٹ میں اسکریننگ ٹیسٹ کے رجسٹریشن ڈیٹا کو نظر انداز کیا گیا، جبکہ اسپیشل سی ایس ایس 2023 کا بھی ذکر نہیں کیا گیا۔
عالمی بائیولوجی اولمپیاڈ میں پاکستان کی شاندار کامیابی، سلور میڈل سمیت دو اعزازات جیت لیے
کمیشن نے مزید بتایا کہ خصوصی اقدام کے تحت اقلیتوں اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے 141 امیدواروں کو سول سروس میں تعینات کیا گیا، جس کے مثبت اثرات آنے والے برسوں میں بھی سامنے آئیں گے۔
ایف پی ایس سی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے سول سروس میں شمولیت آج بھی ایک پسندیدہ خواب ہے اور کمیشن درست اعداد و شمارپرمبنی رپورٹس کی تیاری اور فراہمی میں ہر ممکن تعاون کے لیے دستیاب ہے۔
