راولپنڈی، کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال، عالمی امن اور پاکستان و کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے اصولی مؤقف کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سیکیورٹی چیلنجز سے مؤثرانداز میں نمٹنے کے لیے باہمی تعاون، اعتماد اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
ملاقات کے دوران کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں اور سیکیورٹی فورسز کی خدمات کو سراہا، انہوں نے خطے اور عالمی امن کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
وزیر اعظم سے کینیڈین وزیر خارجہ کی ملاقات، تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، شراکت داری اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
یہ ملاقات پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
