سندھ کے سینئر وزیر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے رانا ثناءاللہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کشمیر میں ن لیگ کے وزراء کی جانب سے بھڑکائی گئی آگ کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے وفاقی وزراء کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کے باعث کشمیر میں منفی فضا پیدا ہوئی جبکہ ن لیگ کے وزراء نے غیر سنجیدہ سیاست کرتے ہوئے کشمیری عوام کی توہین کی۔
انہوں نے کہا کہ غرور اور تکبر کا یہ عالم ہے کہ ن لیگ کے وفاقی وزراء اپنے متنازع بیانات پر معذرت کرنے سے بھی گریز کر رہے ہیں۔
سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ایک قومی رہنما ہیں اور چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی مضبوط آواز بن کر وہاں کے عوام کے احساسِ محرومی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اس وقت ایک حقیقی مدبرِ ریاست (True Statesman) کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
مشیرِ سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تحریکِ آزادی کشمیر دراصل تکمیلِ پاکستان کی تحریک ہے اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے پُرعزم ہے۔
رانا ثنا اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور آزاد کشمیر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ملک کی بقا کی ضمانت ہے اور پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔
پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت کی اصولی حمایت پر ثابت قدم ہے،وزیر اعظم
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایٹمی دھماکوں کا جراتمندانہ فیصلہ کیا، جبکہ ملک میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کا سہرا بھی مسلم لیگ (ن) کے سر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق میں پاک فوج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں فتح حاصل کی، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
