انقرہ: ترکیہ کے مشرقی صوبے ملاتیا میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترکیہ کے مشرقی صوبے ملاتیا میں زلزلے کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
ترکیہ کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (AFAD) کے مطابق ملاتیا میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجکر 20 منٹ پر آیا۔
زلزلے کا مرکز صوبہ ملاتیا کے ضلع بطلغازی میں تھا، جبکہ اس کی گہرائی 15.59 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
أفادت وكالة الأناضول نقلا عن هيئة إدارة الكوارث التركية بأن زلزالا بقوة 5 درجات ضرب جنوب شرقي تركيا دون تسجيل أضرار أو خسائر بشرية pic.twitter.com/C0vy2tUW7V
— الجزيرة مباشر (@ajmubasher) July 18, 2026
حکام کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ زلزلے کے جھٹکے ملاتیا کے علاوہ الازیغ، آدی یامان، تونج ایلی اور شانلی عرفہ سمیت متعدد قریبی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
حکام کے مطابق متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ترکیہ کے وزیر ماحولیات، شہری ترقی اور موسمیاتی تبدیلی مراد کورم نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ضلع بطلغازی میں آنے والے زلزلے کے بعد تاحال کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم تمام موصول ہونے والی رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
گزشتہ روز میکسیکو کی جنوبی ریاست چیاپاس کے ساحلی علاقوں میں 7.4 شدت کے طاقتور زلزلے نے شدید خوف و ہراس پھیلا دیا، جبکہ زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ بھی جاری کی گئی تھی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق زلزلے کی شدت 7.4 ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی، جس کے باعث جھٹکے انتہائی شدت سے محسوس کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا شام، اردن، عراق اور عمان میں امریکی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ
زلزلے کے بعد متعلقہ حکام نے ساحلی علاقوں کے لیے سونامی وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔
