خیبر پختونخوا کے سیاحتی علاقے کالام میں گلیشیئر پھٹنے کے واقعے میں ایک شخص لاپتہ جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ چند روز قبل کالام ویلی کے علاقے مٹلتان میں پیش آیا تھا جس کی اطلاع اس وقت ملی جب متاثرہ افراد واپس مرکزی بازار پہنچے۔
لاپتہ شخص کی شناخت سید علی شاہ کے نام سے ہوئی ہے، جو خوازہ خیلہ کے رہائشی تھے۔ ساتھیوں کے مطابق ان کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے، تاہم لاش تاحال نہیں مل سکی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق زخمی ہونے والے تین افراد کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کالام منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں مزید علاج کے لیے سیدو شریف کے سنٹرل ہسپتال بھیج دیا گیا۔ دیگر تین افراد کو معمولی چوٹیں آئیں اور وہ محفوظ ہیں۔
سوات کالام کے علاقے مٹلتان میں گلیشیئر پھٹنے سے کوہ پیمائوں کا گروپ زد میں آگیا
3 افراد زخمی جبکہ ایک تاحال لاپتاسوات کے علاقے کالام کی وادی مٹلتان میں گلیشیئر پھٹنے کے باعث 7 افراد متاثر ہوئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق 3 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال… pic.twitter.com/xTBvCF2s2v— Muhammad Faheem (@MeFaheem) July 18, 2026
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ شخص کی تلاش جاری ہے اور مزید تصدیق شدہ معلومات سامنے آنے پر عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 13 ہزار سے زائد گلیشیئر موجود ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ان میں سے بڑی تعداد موسمیاتی تبدیلی کے باعث تیزی سے سکڑ رہی ہے، جس سے مستقبل میں گلیشیئر پھٹنے کے خطرات مزید بڑھ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے شمالی علاقے گلیشیئر پھٹنے اور گلیشیائی جھیلوں کے اچانک بہاؤ (GLOF) جیسے واقعات کے لیے حساس ہیں، جن میں موسمیاتی تبدیلی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس مون سون سیزن میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت برف اور گلیشیئر پگھلنے کے واقعات میں اضافے کی وجہ بن سکتا ہے، جس سے سیلابی خطرات میں اضافہ ہوگا۔
