خیبر پختونخوا ورکرز ویلفیئر بورڈ نے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران اپنے زیر انتظام اسکولوں کے نان ٹیچنگ اسٹاف سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات صرف تدریسی عملے (ٹیچنگ اسٹاف) کے لیے ہوں گی، جبکہ نان ٹیچنگ اسٹاف معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹیاں انجام دے گا۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تمام اسکولوں میں نان ٹیچنگ ملازمین کی حاضری لازمی ہوگی اور انہیں مقررہ اوقات کے مطابق ڈیوٹی سرانجام دینا ہوگی۔
اگر کسی ملازم کو رخصت درکار ہو تو وہ متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق باقاعدہ درخواست جمع کرانے کا پابند ہوگا، بغیر منظوری کے غیرحاضری قابل قبول نہیں ہوگی۔
ورکرز ویلفیئر بورڈ نے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران اسکولوں کے اوقات کار بھی جاری کر دیے ہیں۔
مراسلے کے مطابق تعطیلات کے دوران تمام متعلقہ اسکول صبح 8 بجے سے دوپہر ایک بجے تک کھلے رہیں گے، جہاں نان ٹیچنگ اسٹاف اپنی ذمہ داریاں انجام دے گا اور دفتری امور معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔
مریم نواز کا بڑا تعلیمی پیکیج، ہر تحصیل میں نواز شریف اسکول آف ایمیننس قائم کرنے کا اعلان
مزید ہدایت کی گئی ہے کہ تمام پرنسپلز ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ نان ٹیچنگ اسٹاف مقررہ اوقات میں اپنی حاضری یقینی بنائے۔
ورکرز ویلفیئر بورڈ نے واضح کیا ہے کہ جاری کردہ ہدایات کا مقصد تعطیلات کے دوران انتظامی امور، اسکولوں کی دیکھ بھال اور دفتری معاملات کو مؤثر انداز میں جاری رکھنا ہے تاکہ نئے تعلیمی سیشن کی تیاری بروقت مکمل کی جا سکے۔
