آسکر ایوارڈ یافتہ آئرلینڈ کی معروف اداکارہ برینڈا فریکر 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
برینڈا فریکر مائی لیفٹ فُٹ، ہوم الون 2 ، لاسٹ ان نیو یارک اور بی بی سی کے ڈرامے کیجولٹی میں اپنی یادگار اداکاری کی وجہ سے شہرت رکھتی تھیں۔
انہوں نے مائی لیفٹ فُٹ میں شاندار اداکاری پر 1990 میں بہترین معاون اداکارہ کا اکیڈمی ایوارڈ (آسکر) جیت کر تاریخ رقم کی اور آسکر حاصل کرنے والی پہلی آئرش اداکارہ بنی تھیں۔
ڈبلن میں فروری 1945 میں پیدا ہونیوالی برینڈا نے اپنے کیریئر کا آغاز 1970 کی دھائی میں تھیٹر اور ٹیلی ویژن سے کیا تھا۔ جس کے بعد انہوں نے فلم، ٹی وی اور اسٹیج پر کئی دہائیوں تک اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
ان کے ایجنٹ فل بیل فیلڈ نے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان جیسی شخصیت دوبارہ کبھی دیکھنے کو نہیں ملے گی۔
مارول کی مشہور اداکارہ وائی چنگ ہو 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں
انھوں نے کہا کہ ان کی عدم موجودگی نے دنیا کو پہلے سے زیادہ تہی دامن کر دیا ہے، میرے لیے یہ اعزاز کی بات تھی کہ میری ان سے شناسائی تھی اور ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔
ایجنٹ فل بیل فیلڈ نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ میرے دل میں اور مجھ سمیت دنیا بھر کے بے شمار فلم بینوں اور ٹی وی مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔
برینڈا فریکر کے انتقال پر دنیا بھر سے فلمی شخصیات، مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، انہیں عالمی سنیما کی تاریخ کی ایک باصلاحیت اور باوقار اداکارہ کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔
