راولپنڈی کے علاقے گلستان کالونی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے اپنے سات سالہ بیٹے کو ڈوبنے سے بچانے کے لیے نالہ لئی میں چھلانگ لگا دی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق واقعہ ہفتہ کی صبح تقریباً 10 بجے گلستان کالونی، لین نمبر 3 میں پیش آیا، جہاں حفاظتی دیوار نہ ہونے کے باعث بچہ نالے میں گر گیا۔ بچے کی شناخت زاہد کے نام ہوئی جن کی عمر سات سال بتائی جاتی ہے۔
اطلاع ملنے پر بچے کے والد مہربان، عمر تقریباً 35 سے 40 سال، موقع پر پہنچے۔ عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے پانی میں کپڑے کا ٹکڑا دیکھ کر گمان کیا کہ وہ ان کے بیٹے کا ہے، جس پر وہ فوراً نالے میں کود گئے تاکہ اسے بچا سکیں۔
تاہم تیز بہاؤ کے باعث بیٹے کے بعد والد بھی پانی میں بہہ گئے اور نظروں سے اوجھل ہو گئے۔
راولپنڈی میں گلستان کالونی کے قریب نالہ لئی میں باپ بیٹا ڈوب گئے، باپ کی لاش کو نکال لیا گیا، بچے کی تلاش کےلئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری۔۔!! pic.twitter.com/9SuhZQ386r
— Khurram Iqbal (@khurram143) July 18, 2026
ریسکیو 1122 کی واٹر ریسکیو ٹیم نے اطلاع ملتے ہی سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق تازہ اطلاعات میں والد مہربان کی لاش نالے سے نکال لی گئی ہے، تاہم ان کے بیٹے زاہد کی تلاش کئی گھنٹوں بعد بھی جاری ہے۔
ریسکیو ٹیمیں نالے کے مختلف حصوں میں سرچ آپریشن کر رہی ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ بچے کی تلاش کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ مون سون کے دوران راولپنڈی کے نالہ لئی سے متصل علاقوں میں ڈوبنے کے واقعات معمول بن جاتے ہیں۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے جاری کردہ سالانہ رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران راولپنڈی میں ڈوبنے کے مجموعی طور پر 41 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 33 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد کو زندہ بچا لیا گیا تھا۔
