اسلام آباد، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پریس ریلیز کو جعلی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس حوالے سے کوئی سرکاری اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کوئی پریس ریلیز جاری نہیں کی گئی، جبکہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا اعلامیہ حقیقت پر مبنی نہیں اور اس کا الیکشن کمیشن سے کوئی تعلق نہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دائرۂ اختیار میں نہیں آتا، لہٰذا اس حوالے سے گردش کرنے والی غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتخابات یا دیگر اہم قومی معاملات سے متعلق معلومات کے لیے صرف سرکاری اور مستند ذرائع پر انحصار کریں اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں۔
کنٹونمنٹ بورڈز بلدیاتی انتخابات: چیف الیکشن کمشنر کی وزیراعظم سے ذاتی مداخلت کی اپیل
ترجمان کے مطابق جعلی پریس ریلیز اورگمراہ کن معلومات عوام میں بے چینی پیدا کرنے کا باعث بن سکتی ہیں، اس لیے شہری کسی بھی خبریا اعلامیے کی تصدیق الیکشن کمیشن کے سرکاری ذرائع سے ضرور کریں۔
الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر واضح کیا کہ اس معاملے میں اس سے منسوب وائرل پریس ریلیز کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
