ادارہ قومی بچت نے 750 روپے کے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی کا اعلان کرکے چار افراد کو لکھ پتی بنا دیا۔
750 روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی 107ویں قرعہ اندازی کے نتائج کا اعلان ہو گیا، اس قرعہ اندازی کا انعقاد لاہور میں ہوا، جس میں پہلے، دوسرے اور تیسرے انعامات کے کامیاب بانڈ نمبرز جاری کر دیے گئے۔
قرعہ اندازی کے اعلان کردہ نتائج کے مطابق 15 لاکھ روپے کا پہلا انعام بانڈ نمبر 976106 کا حامل شخص قرار پایا۔ اس کے علاوہ پانچ، پانچ لاکھ روپے کے دوسرے انعام کے لیے تین خوش نصیب کامیاب قرار پائے۔
پانچ پانچ لاکھ روپے جیتنے والے خوش نصیبوں کے بانڈ نمبرز 350211، 604285 اور 607262 ہیں۔
اس قرعہ اندازی میں ایک ہزار 696 بانڈ ہولڈرز 9 ہزار 300 روپے کے تیسرے انعام کے مستحق قرار پائے ہیں۔تیسرا انعام جیتنے والے تمام افراد اپنے بانڈ نمبرز قومی بچت کی ویب سائٹ سے حاصل کر سکتے ہیں یا پھر متعلقہ دفتر جا کر معلوم کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ادارہ قومی بچت بنیادی طور پر دو طرح کے بانڈ فروخت کرتا ہے، عام پرائز بانڈز اور رجسٹرڈ پریمیم پرائز بانڈز۔ ان کے علاوہ مختلف قسم کے بچتی سرٹیفکیٹس اور اکاؤنٹس بھی دستیاب ہیں۔
سونے کی قیمت میں اضافہ، فی تولہ نرخ کیا ہو گئے؟
عام پرائز بانڈز: یہ عام کاغذی بانڈ ہوتے ہیں جو خرید و فروخت میں انتہائی آسان ہیں۔ ان پر کوئی منافع نہیں ملتا، البتہ ہر چند ماہ بعد ہونے والی قرعہ اندازی میں نقد انعامات جیتنے کا موقع ملتا ہے۔
پریمیم پرائز بانڈز :حکومتِ پاکستان نے ڈیجیٹائزڈ اور رجسٹرڈ پریمیم پرائز بانڈز کا بھی اجراء کر رکھا ہے۔ عام بانڈز کے برعکس یہ آپ کے شناختی کارڈ سے منسلک ہوتے ہیں، جن کا چوری یا گم ہونے کا خطرہ نہیں ہوتا اور ان پر نہ صرف انعامات نکلتے ہیں بلکہ ہر چھ ماہ بعد باقاعدہ منافع بھی ادا کیا جاتا ہے۔
