تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔
امریکی خام تیل فی بیرل 80 ڈالر سے زائد فروخت ہو رہا ہے، برطانوی برینٹ آئل فی بیرل 85 ڈالر سے زائد میں فروخت ہو رہا ہے۔
متحدہ عرب امارات کا مربن آئل 79 ڈالر سے زائد فی بیرل ٹریڈ ہو رہا ہے۔عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث آئندہ ہفتے کیلئے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا خدشہ ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوا ہے جس کے اثرات پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑ رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 25 روپے فی لیٹر جبکہ پٹرول کی قیمت میں 15 سے 20 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہےلیکن اس کا حتمی فیصلہ حکومت کرے گی۔
آج رات بارہ بجے قیمتوں میں ردو بدل کا قوی امکان ہے، عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک میں پیٹرول و ڈیزل کی قیمت میں اضافے کا امکان ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کا جائزہ لیا جارہا ہے، مشیروزیر خزانہ
ذرائع کے مطابق حکومت عوام پر اضافی بوجھ کم رکھنے کے لیے پیٹرولیم لیوی میں کمی پر بھی غور کر رہی ہے، نئی قیمتوں سے متعلق چار مختلف تجاویز دی گئی ہیں لیکن حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے ممکنہ قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت جاری کر رکھی ہے۔
