قومی پرچم کے درست استعمال، احترام اور اس سے متعلق سرکاری قواعد پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اہم مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
مراسلے میں تمام سرکاری محکموں، خودمختار اداروں، سرکاری تنظیموں اورجامعات کو ہدایت کی گئی ہے کہ قومی پرچم کے ڈیزائن، نمائش اوراستعمال سے متعلق 1989 کی سرکاری ہدایات پرسختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
مراسلے کے مطابق قومی پرچم کے تقدس اوراحترام کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اوراس کے استعمال میں کسی بھی قسم کی غفلت یا بے احتیاطی سے گریزکیا جائے۔

متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پھٹے، میلے یا خراب حالت میں موجود قومی پرچم ہرگز استعمال نہ کیے جائیں اور ایسے پرچم فوری طور پر تبدیل کیے جائیں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ قومی پرچم کو اشتہاری، تجارتی یا تشہیری مقاصد کے لیے استعمال کرنا ممنوع ہے جبکہ ایسے تمام اقدامات سے بھی اجتناب کیا جائے جو قومی پرچم کی بے توقیری یا تقدس میں کمی کا باعث بن سکتے ہوں۔
750 روپے کے بانڈ رکھنے والے لکھ پتی بن گئے، نتائج کا اعلان
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ غیرملکی پرچم صرف مقررہ سفارتی اور سرکاری پروٹوکول کے تحت ہی لہرائے جائیں گے، جبکہ قومی اورغیرملکی پرچموں کی مشترکہ نمائش بھی متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق کی جائے۔
حکام کے مطابق یہ مراسلہ نئی پالیسی کے نفاذ کے لیے نہیں بلکہ 1989 میں جاری کردہ سرکاری ہدایات پر عملدرآمد کی یاددہانی کے طور پر جاری کیا گیا ہے تاکہ تمام ادارے قومی پرچم کے احترام اور اس کے درست استعمال کو یقینی بنائیں۔
