ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی سمیت 27 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 27 اشیا مہنگی ہوئیں، 4 اشیا کی قیمتوں میں کمی آئی جبکہ 20 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ہفتہ وار بنیاد پر سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی قیمت میں 22.79 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ مرغی 14.66 فیصد، ایل پی جی 12.46 فیصد، ڈیزل 4.41 فیصد، پیٹرول کی قیمت میں 4.40 فیصد، لہسن کی قیمت میں 3.72 فیصد، انڈے کی قیمت میں 2.15 فیصد اضافہ ہوا۔
لیپٹن چائے 1.56 فیصد، پیاز کی قیمت میں 1.53 فیصد، آلو کی قیمت میں 0.85 فیصد، تیار چائے 0.42 فیصد اور جلانے کی لکڑی کی قیمت میں 0.18 فیصد اضافہ ہوا۔
کیلے کی قیمت میں 0.80 فیصد کمی ہوئی جبکہ مونگ کی دال 0.70 فیصد سستی ، چینی کی قیمت میں 0.36 فیصد کمی اور مسور کی دال کی قیمت میں 0.10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق سالانہ بنیاد پر آلو کی قیمت میں 36.28 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ چنے کی دال 21.71 فیصد، چینی 21.10 فیصد، مرغی 16.71 فیصد، پاؤڈر نمک 14.09 فیصد، مسور کی دال 13.19 فیصد، انڈے 12.42 فیصد اور مونگ کی دال 8.08 فیصد سستی ہوئیں۔
واضح رہے کہ سالانہ بنیاد پر سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی قیمت میں 210.18 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ، پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ بھی بڑھنے کا امکان
ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں 1.40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور قیمتوں کا حساس اشاریہ بڑھ کر 357.61 پوائنٹس ہو گیا۔ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 16 جولائی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریے کی بنیاد پر قلیل مدتی (ہفتہ وار) مہنگائی میں 1.40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
